اردو خبر قومی

قیامت کے دن حافظ قرآن سے کہا جائےگا، قرآن پڑھتا جا اور جنت کے سیڑھیوں پر چڑھتا جا

Taasir Patna
===================
قرآنِ کریم پوری انسانیت کیلئے کتاب ہدایت ہے اور اس کو یاد کر کے اپنے سینے میں محفوظ کر لینا یہ عظیم سعادت ہے، قیامت کے دن حافظ قرآن سے کہا جائےگا، قرآن پڑھتا جا اور جنت کے سیڑھیوں پر چڑھتا جا- یہ باتیں تکمیلِ حفظ قرآنِ کریم کے موقع پر جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ پٹنہ کے بانی و مہتمم اور جمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے کہیں، اور انھوں نےکہا کہ قرآنِ کریم کے بندوں پر پانچ حقوق ہیں (۱) قرآنِ کریم پر ایمان لانا (۲) اس کو پڑھنا (٣) اس کے معانی اور مفہوم کو سمجھنا (٤) قرآنِ کریم پر عمل کرنا (٥) اس کو دوسروں تک پہنچانا-

قرآنِ کریم کو دیکھ کر پڑھنا یا بنا دیکھے پڑھنا، یا اس کو سننا، سب باعث اجر و ثواب ہے_
مزید انھوں نے بتایا کہ الحمد للہ جامعہ ہذا سے ڈھائی سال کے قلیل عرصہ میں 50/ سے زائد حفاظ تیار ہو چکے ہیں، جو ہم سب کیلئے بڑی مسرت کا مقام ہے،اور انشاءاللہ امسال عظیم الشان جلسہ دستار بندی بھی ہوگا-
آج جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ پٹنہ کے 5/طلبہ نے حفظ قرآن مکمل کیا، جن میں ابو طلحہ ارریہ، محمد شاداب ارریہ، یحییٰ چمپارن، حسن امام پورنیہ، محمد توقیر بھاگلپور کے نام شامل ہیں، اس موقع پر دعائیہ مجلس منعقد کی گئی اور بانی جامعہ حضرت مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی دامت برکاتہم کا خصوصی خطاب ہوا اور آپ ہی کی دعاء پر مجلس اختتام پذیر ہوئی-
موقع پر معزز مہمان جناب حسنین صاحب، جناب ہاشم پرویز عرف راجو صاحب، جناب انعام الحق عرف منا صاحب، جناب جاوید نصر صاحب وغیرہ موجود رہے اور ان حضرات نے جامعہ کے طلبہ، یہاں کے نظام تعلیم و تربیت اور حسن انتظام کو دیکھ کر بڑی خوشی کا اظہار کیا اور ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازا_

واضح ہو کہ جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج شہر پٹنہ کا ایک معیاری دینی تعلیمی ادارہ ہے ، جس کی بنیاد 7/ مارچ 2021 کو جامع مسجد تریپولیہ پٹنہ میں مجاہد ملت حضرت اقدس الحاج مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی دامت برکاتہم جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بہار کے دست مبارک سے رکھی گئی اور چار بچوں سے تعلیم کا آغاز کیا گیا، الحمدللہ اس قلیل مدت میں جامعہ نے کافی ترقی حاصل کی ہے، جامعہ میں درجہ دینیات، حفظ اور مکتب میں 250/ سے زائد طلبہ و طالبات 19/ اساتذہ و ملازمین اور ماسٹر حضرات کی نگرانی میں دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف ہیں، 130/ طلباء کے طعام و قیام کا انتظام منجانب ادارہ کیا جاتا ہے-
جامعہ قاسم العلوم سے اب تک شہر پٹنہ کے علاوہ بہار کے مختلف اضلاع جیسے بھاگلپور، مظفرپور، سمستی پور، ویشالی، حاجی پور، ارریہ، پورنیہ،بیگوسرائے، کھگڑیا، نالندہ، دربھنگہ، گیا، سیتا مڑھی، اور بیتیا، چمپارن وغیرہ کے تقریباً پچاس سے زائد طلباء نے حفظ قرآنِ کریم مکمل کیا اور یہاں سے فیض یابی حاصل کی، جبکہ جامعہ میں تقریباً بہار کے ہر اضلاع کے بچے یہاں رہ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اپنی علمی تشنگی بجھا رہے ہیں_

آج کی دعائیہ تقریب میں جناب حسنین صاحب، جناب جاوید نصر صاحب، جناب ہاشم پرویز عرف راجو صاحب، جناب انعام الحق صاحب، مولانا ذاکر حسین صاحب قاسمی، مولانا اظہار عالم قاسمی، مولانا سالم شمسی، حافظ محمد یاسر، قاری قمر الزماں، قاری انور، قاری اسامہ جعفری، مولانا محمد سلمان قاسمی، حافظ نیاز الدین، ماسٹر ابرار، ماسٹر

ثاقب، ماسٹر شہزاد جمیل، ماسٹر ساجد اور مولانا فیروز عالم، سمیت شہر پٹنہ کے معزز حضرات نے شرکت کی اور پوری امت مسلمہ کیلئے دعائیں کیں گئیں_