اردو خبر خاص

یونان نے غیریورپی ممالک کے شہریوں کے لیے اپنا گولڈن ویزا مہنگا کر دیا, گولڈن ویزا ہے کیا؟

یونان نے غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لیے اپنا گولڈن ویزا مہنگا کر دیا ہے۔ گولڈن ویزا رکھنے والے افراد یورپی یونین کے تمام رکن ممالک میں آزادانہ طور پر منتقل ہو سکتے ہیں۔ لیکن اس ویزے کو مہنگا کیوں کیا گیا ہے؟

یونان نے اپنے گولڈن ویزے کی قیمت میں تین گنا اضافہ کر دیا ہے۔ اب غیر یورپی ممالک کے شہریوں کو یونان میں جائیداد خرید کر رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے نمایاں طور پر زیادہ رقم ادا کرنا ہو گی۔ یہ قانون یکم ستمبر سے نافذالعمل ہو چکا ہے۔

یکم ستمبر سے پہلے تک قانون یہ تھا کہ ڈھائی لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کرنے یا اتنی قیمت کا کوئی مکان خریدنے کے بعد یونان کا گولڈن ویزا حاصل کیا جا سکتا تھا۔ اب یورپی یوین سے باہر کے کسی بھی ملک کا کوئی شہری جو یونان کا گولڈن ویزا حاصل کرنا چاہتا ہے، اسے یونان کے بڑے شہروں یا جزائر میں آٹھ لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔ تاہم کئی دیگر علاقوں میں کم مالیت یعنی چار لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کی شرط رکھی گئی ہے۔

گولڈن ویزا ہے کیا؟
یونان کے نام نہاد گولڈن ویزے کے ساتھ متعلقہ افراد پوری یورپی یونین میں آزادانہ طور پر منتقل ہو سکتے ہیں۔ ایسے ویزے حاصل کرنے والے زیادہ تر سرمایہ کاروں کا تعلق چین اور ترکی سے ہوتا ہے لیکن غزہ پٹی کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل سے آنے والے ایسے سرمایہ کاروں کی تعداد میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔

رہائشی اجازت نامہ خریداروں کے خاندان کے افراد (فرسٹ ڈگری رشتہ داروں) پر بھی لاگو ہوتا ہے اور ایسے رشتہ داروں کو پانچ سال کا ویزا ملتا ہے۔ اگر جائیداد غیرملکی خریدار ہی کے قبضے اور ملکیت میں رہتی ہے، تو اس طرح ویزے کی مدت میں مزید پانچ سال کا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔

یونان میں رہائشی مکانات کی کمی
یونان کی وزارت خزانہ نے مزید کہا ہے کہ خریدی گئی جائیدادیں کرائے پر تو دی جا سکتی ہیں لیکن انہیں ‘ایئر بی این بی‘ جیسے پلیٹ فارمز پر ”ہالیڈے ہومز‘‘ کے طور پر کرائے پر نہیں دیا جا سکے گا۔

اس اقدام کا مقصد ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں مکانات کی قلت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی کا مقابلہ کرنا بھی بتایا گیا ہے۔ اس طرح ریاستی خزانے میں بھی مزید رقم آنے کی توقع ہے۔

یونانی میڈیا کے مطابق حالیہ برسوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ریئل اسٹیٹ کی خریداری کے باعث اپارٹمنٹس اور مکانات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کے بڑے شہری علاقوں اور متعدد جزائر پر گھروں کے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں۔

گزشتہ سال یونان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے مکانوں کی خریداری کی کل 8516 درخواستیں جمع کرائی گئیں اور ان میں سے 1802 سرمایہ کاروں کو املاک کی خریداری کی اجازت بھی مل گئی تھی۔

ملکی وزارت خزانہ کے مطابق سن 2023 میں یونان میں گولڈن ویزوں کے اجرا سے 2.5 بلین یورو کی آمدن ہوئی تھی۔

خاص مکان اب بھی سستے ملیں گے
تاہم ”یادگاروں کی فہرست میں شامل مکانات‘‘ اب بھی سستے ملیں گے۔ دوسرے لفظوں میں ڈھائی لاکھ یورو کے لیے ویزے کی ایک خاص قسم اب بھی موجود ہے۔ اس کا مقصد ان سرمایہ کاروں کے لیے راستہ کھلا رکھنا ہے، جو ”یادگاری گھر‘‘ خریدیں گے اور قانونی تقاضوں کے مطابق ان کی مرمت بھی کرواتے رہیں گے۔

”یادگاروں کی فہرست‘‘ میں ان گھروں کو شامل کیا جاتا ہے، جو کسی نہ کسی طرح تاریخی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ان کو خریدنے والا شخص وہاں اپنی مرضی سے کوئی مرمت یا تبدیلیاں نہیں کر سکتا۔