اردو خبر قومی

مظفرپور : جن پر اللہ تعالی کا فضل ہوتاہے وہ حافظ قرآن بنتے ہیں:مولانا اعتصام الحق ندوی

Taasir Patna
=============
جن پر اللہ تعالی کا فضل ہوتاہے وہ حافظ قرآن بنتے ہیں:مولانا اعتصام الحق ندوی
الحاج نیر اعظم و برادران کے رہائش گاہ پر تراویح میں تکمیل قرآن کریم کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد
مظفرپور:8/ اپریل(اسلم رحمانی) تراویح میں تکمیل قرآن کریم کرنے کے لیے جواں سال حافظ احتشام منور ان کے والدین، اہل خانہ اور دیگر رشتہ دار قابل مبارکباد ہیں۔جن پر اللہ تعالی کا فضل ہوتاہے وہ حافظ قرآن بنتے ہیں۔دنیا میں بے شمار کتابیں موجود ہیں لیکن کوئی بھی شخص مکمل کتاب کا حافظ نہیں یہ صرف قرآن کا معجزہ ہے جو کمسن سے کمسن طالب علم سے لیکر ضعیف العمر اصحاب تک کے سینے میں مکمل محفوظ رہتا ہے۔ ان خیالات کااظہار ندا مسجد برہمپورہ کے امام و خطیب مولانا اعتصام الحق ندوی نے کیا۔ وہ الحاج نیر اعظم و برادران کے رہائش گاہ مہدی حسن روڈ کے واقع قلعہ چوک برہمپورہ میں تراویح میں تکمیل قرآن کریم کے موقع سے منعقد دعائیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کے آغاز اور اختتام میں دعا کا سلیقہ سکھایا گیا ہے۔اس امت کو پروردگار عالم نے مختلف خصوصیّات سے نوازا ہے۔ان میں سے ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اس امت کو دعا مانگنے کا حکم دیا ہے اور اس کی قبولیت کا وعدہ فرمایا ہے؛ لہٰذا ایک مسلمان کے لیے دعا اہمیت اورافادیت بڑی ہے۔مولانا اعتصام الحق نے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں کیں ان دعائوں میں اللہ سے التجا کی گئی کہ اے اللہ مسلم امہ میں اتحاد و اتفاق پیدا کردے،کائنات میں بسنے والے ہر انسان کو ہدایت نصیب فرما دے،دنیا میں اسلام کا بول بالا کردے، بیماروں کو شفاء کاملہ و عاجلہ نصیب فرما۔پوری دنیا میں رہنے والے ہر مسلمان کی حالت پر رحم فرما دے، ان کی جانی، مالی، سیاسی، سماجی، مذہبی سرگرمیوں میں رہنمائی فرما دے، مصائب و مشکلات میں گھرے مسلمانوں کی مدد فرما دے، امت کو اپنے احکامات اور پیارے پیغمبر حضرت محمد رسول اللہﷺ کے نقش قدم پر چلنے والا بنادے، اے اللہ مسلمان ہوتے ہوئے بھی ہم تیرے غیظ و غضب کا شکار ہورہے ہیں اللہ ہمارے حالوں پر رحم فرمادے، (آمین) واضح رہے الحاج نیر اعظم و برادران کے رہائش گاہ قلعہ چوک برہمپورہ میں تراویح کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں منور اعظم کے صاحبزادے حافظ احتشام منور نے تراویح میں قرآن مجید سنایا وہیں ان کے ساتھ حافظ محمد اشرف بھی قرآن مجید سماعت کررہے تھے۔ اس موقع پر سبکدوش ڈی ایس پی الحاج محمد مرتضی،الحاج نیر اعظم عرف راجا بابو، منور اعظم، قمر اعظم، انجنیئر ظفر اعظم ربانی، پروفیسر شمیم اختر سکریٹری ضلع سنی اوقاف کمیٹی مظفرپور،اسلم رحمانی، بلال احمد کریمی، ڈاکٹر مطیع الرحمٰن عزیز، محمد جاوید، نجم الہدی، خالد رحمانی اور جاوید قیصر وغیرہ کے علاوہ بڑی تعداد میں عمائدین شہر موجود تھے۔