اردو خبر دنیا

سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد کا مطالبہ، اسرائیل سے غیر ملکیوں کا انخلا

روس نے اقوام متحدہ کی پندرہ رکنی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ پیر کے روز ایک اس قرارداد کے مسودے پر ووٹنگ کرائی جائے، جس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازعے میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس قرارداد کے مسودے میں شہریوں کے خلاف دہشت گردی اور تشدد کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ مسودے میں اسرائیل اور فلسطینیوں کا حوالہ دیا گیا ہے لیکن براہ راست حماس کا نام نہیں لیا گیا۔

اسرائیل سے غیر ملکیوں کا انخلا
جرمنی نے اپنے شہریوں کو فوجی طیاروں کے ذریعے اسرائیل سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔ قبل ازیں جرمن ایئرلائن لفتھانزا نے حماس کے راکٹ حملوں کے بعد اپنی تمام تر پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جرمنی کے ساتھ ساتھ دیگر یورپی ممالک بھی اپنے شہریوں کو اسرائیل سے نکالنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ امریکہ پیر کے روز اپنے شہریوں کو ایک بحری جہاز کے ذریعے اسرائیل سے نکالتے ہوئے قبرص پہنچائے گا۔ یہ تمام پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب اسرائیل غزہ میں زمینی کارروائی کا آغاز کرنے والا ہے۔

ا ا / ر ب (ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی، ڑوئٹرز)