اردو خبر خاص

دیوار پر ٹیپ سے چپکا ہوا ایک کیلا 6.2 ملین ڈالر میں نیلام ہوا

نیو یارک میں ایک متنازعہ نمونہ، دیوار پر ٹیپ سے چپکا ہوا ایک کیلا 6.2 ملین ڈالر میں نیلام ہوا۔ اس متنازعہ آرٹ کی نیلامی نے اس بارے میں بحث چھیڑ دی ہے کہ آرٹ کن چیزوں پر مشتمل ہے؟

نیو یارک میں سوتھابی نیلام گھر میں اطالوی فنکار ماؤریزیو کتلان کا ایک فن پارہ 6.2 ملین ڈالر (5.8 ملین یورو) میں فروخت ہوا ہے۔

تاہم یہ فن پارہ کوئی تاریخی آئل پینٹنگ ، فوٹو گرافی یا کوئی منفرد مجسمہ نہیں بلکہ تازہ پھل یعنی ایک کیلا ہے، جسے ٹیپ کے ساتھ دیوار پر چپکایا گیا ہے۔

چینی نژاد کرپٹو کرنسی کاروباری اور بزنس ایگزیکٹیو جسٹن سن نے بولی جیتی۔ وہ کہتے ہیں ، ”یہ صرف ایک آرٹ ورک نہیں ہے ۔ یہ ایک ثقافتی رجحان کی نمائندگی کرتا ہے جو آرٹ، میمز یا مائیکرو الیکٹرو میکینکل سسٹم اور کرپٹو کرنسی کمیونٹی کی دنیا کو جوڑتا ہے۔‘‘

 اطالوی فنکار ماؤریزیو کتلان

فن کیا ہے؟

کامیڈین نامی اس فن پارے کی پہلی نمائش سن 2019 میں میامی بیچ میں آرٹ بیسل شو میں ہوئی تھی، جہاں لوگوں نے اسے دیکھ کر مذاق ہی کیے تھے۔ تاہم اس کیلے نے اس بحث کو جنم دیا کہ آیا اسے کسی طور پر بھی آرٹ سمجھا جانا چاہیے؟

نیلامی کی بولی جیتے والے جسٹن سن اسی سوال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہتے ہیں،” پورا نقطہ ہے یہ یہی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ”مجھے یقین ہے کہ یہ فن پارہ مستقبل میں سوچ اور بحث کو مزید متاثر کرے گا اور تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔‘‘

جسٹن سن نے اس نیلامی میں چھ افراد کو شکست دی۔ اس فروٹ کی بولی لگنے سے پہلے ہی اس کی قیمت ڈیڑھ ملین ڈالر لگائی گئی تھی، جو کہ پانچ سال پہلے کی 120,000 ڈالر کی اصل قیمت سے کئی گنا زیادہ ہے۔

کیلا پانچ سال پرانا نہیں

جسٹن سن نے جس کیلے کو خریدا ہے دراصل یہ پانچ سال پرانا نہیں۔ اس آرٹ ورک کی ہر نمائش کے لیے تازہ کیلا مختص کیا جاتا ہے اور یہ اس فن پارے کہ تیسری نمائش تھی۔

پہلی نمائش میں رکھا گیا کیلا پرفارمنس آرٹسٹ ڈیوڈ ڈیٹونا نے کھایا تھا، جن کا کہنا تھا کہ وہ میامی شو میں اس کا معائنہ کرتے ہوئے ”بھوکے‘‘ تھے۔

پیرس: نپولین کی ٹوپی ت

کرپٹو ایکسچینج ٹرون کے بانی سن نے کہا کہ وہ اپنی ‘سرمایہ کاری‘ کو بھی کھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ”آنے والے دنوں میں، میں ذاتی طور پر اس کیلے کو تاریخی آرٹ اور مقبول ثقافتی فن پارے، دونوں کے طور پر اس کے مقام کا احترام کرتے ہوئے کھاؤں گا۔‘‘

اس کی خریداری میں شامل سرٹیفکیٹ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ فن واقعی اطالوی آرٹسٹ کتلان نے تخلیق کیا تھا۔ اس کے ساتھ اس میں یہ ہدایات بھی شامل ہیں کہ کیلے کے باسی ہونے کے بعد اسے ایک تازہ کیلے سے کیسے تبدیل کیا جائے۔