اردو خبر قومی

جامعہ ملیہ اسلامیہ ہندوستان کی علمی، ادبی، تہذیبی و ثقافتی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ؍ پروفیسر اقتدار محمد خان

Taasir Patna
===========
جامعہ ملیہ اسلامیہ ہندوستان کی علمی،ادبی،تہذیبی و ثقافتی تاریخ کا ایک روشن باب ہے؍پروفیسر اقتدار محمد خان
جامعہ کے ۱۰۳ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے شعبہ اسلامک اسٹڈیزمیں پانچ روزہ ثقافتی پروگرام کا آغاز
’’جامعہ ملیہ اسلامیہ بلاشبہ ہندوستان کی علمی،ادبی،تہذیبی و ثقافتی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔بیسویں صدی کے ہندوستان کی علمی تاریخ میں ہمیشہ اس دانش گاہ کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔‘‘ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان،صدرشعبہ اسلامک اسٹڈیز نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے۱۰۳ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے شعبہ میںپانچ دن (۲۷تا۳۱؍اکتوبر)ہونے والے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ اس ادارے کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں ابتدائی اور ثانوی تعلیم،کالج اور اساتذہ کی تعلیم،سماجی تعلیم،ترقیاتی سرگرمیاں،تحقیق ونشرواشاعت سب ایک دوسرے سے نہایت ہی مربوط ہیں۔پروفیسر محمد اسحق،ڈین،فیکلٹی آف ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز نے طلبہ وطالبات کو جامعہ کی تحریک،تاریخ اور اس کی روایات سے واقف کراتے ہوئے فرمایا کہ قدیم وجدید کا یہ ملاپ اور ایک آزاد تعلیمی ادارے کا قیام دراصل اس گہرے احساس کا نتیجہ تھا جو تقریباً پچاس سال تک تعلیمی مقاصد کی یک رخی کے سبب مسلمانان ہند میں پیدا ہوا تھا۔پروفیسر سید شاہد علی ،سابق صدرشعبہ نے فرمایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اینٹ اورپتھر سے بنی ہوئی خوب صورت عمارتوں کا نام نہیں ہے،بلکہ اس کی شناخت آپ جیسے طلبہ وطالبات سے ہے،اس لیے آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس کی تعمیر وترقی میں ہمیشہ کوشاں رہیں۔

ڈاکٹر خورشید آفاق،مشیر بزم طلبہ نے طلبہ وطالبات کو ۱۰۳ویں یوم تاسیس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کووڈ-۱۹ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جامعہ میں اتنے بڑے پیمانے پر پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے،اس لیے آپ اس موقع سے بھرپورفائدہ اٹھائیں اور ان پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوں۔بزم طلبہ کے نائب صدر ابوسالم یحییٰ،جنرل سکریٹری محمد حمزہ اوران کی ٹیم نے بتایا کہ جامعہ کے یوم تاسیس کے موقع پر بزم طلبہ کی جانب سے پانچ دنوں تک چلنے والے مختلف تہذیبی و ثقافتی مقابلوں کا انعقاد کیاجارہا ہے، جس میں ڈاکومنٹری اسکریننگ،خطاطی،شعبہ کے قدیم طلبہ کی ملاقات،نکڑ ناٹک، مضمون نویسی اورکوئز وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ان میں جامعہ کے مختلف شعبوں کے طلبہ وطالبات شریک ہوں گے۔ اس پروگرام میں شعبہ کے جملہ اساتذہ جناب جنید حارث،ڈاکٹر محمد مشتاق،ڈاکٹر محمد ارشد،ڈاکٹر محمد خالد خان،ڈاکٹر عبدالوراث،ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمداسامہ،ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں،ڈاکٹر محمدعلی کے علاوہ شعبہ کے طلبہ وطالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔پروگرام کو کام یاب بنانے میں محمد شہنواز،نداپروین،جویریہ عبداللہ، محمد شرجیل، محمد عتیق،منزہ جعفری اورامن عثمان وغیرہ کا اہم کردار رہا۔