اردو خبر قومی

جالنہ – اسرائیل نے مقدس مقامات کی بےحرمتی اور نسل پرستی کی بدترین مثال قائم کی ہے : مولانا سہیل ندوی

Taasir Patna
===========
جمعیۃ علماء جالنہ کے جلسہ سیرت النبی اردو ہائی اسکول میں طلباء وطالبات سے علماء کرام کے خطاب

“اسرائیل نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، مقدس مقامات کی بےحرمتی اور نسل پرستی کی بدترین مثال قائم کی ہے:مولانا سہیل ندوی

جالنہ: اسرائیل جو پچھلے پچہتر سالوں سے فلسطینیوں کے خلاف ’حالتِ جنگ‘ میں ہے، اس نے فلسطینیوں کے خلاف شدید جارحیت، آبادکاروں کی جانب سے تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، مقدس اسلامی مقامات کی بےحرمتی اور موجودہ دور میں نسل پرستی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔غزہ کے 20 لاکھ سے زائد رہائشی گزشتہ 16 سال سے اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ ناکہ بندی اور ظالمانہ پابندیوں کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں اور ان پابندیوں نے ان کی زندگیوں کو تباہ کردیا ہے۔ وہ ایسی جگہ رہتے ہیں جسے دنیا کی سب سے بڑی ’کھلی جیل‘ کہا جاتا ہے۔ یہ باتیں مولانا سیّد نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیۃ علماء ضلع جالنہ نے شہر جالنہ کے مشہور ادارے اردو ہائی اسکول کے جلسہ سیرت البنی میں طلباء وطالبات سے مخاطب کرتے ہوئے کہی۔

ساتھ میں آپ نے کہا ہم فلسطینی مظلوم مسلمانوں کی ان کے اقدام کی تائید کریں ان کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں نیز ہم اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات واشیاء کا بائیکاٹ کریں کہ یہ بھی ظالم سے ناراضگی کے اظہار اور ظالم سے نفرت کا ایک مؤثر طریقہ ہے اور شرعاً بہ حیثیت مسلمان ہم اس بات کے مکلف ہیں کہ اس سلسلہ میں جو طریقہ اختیار کرنا ہمارے لیے ممکن ہو، ہم اس سے دریغ نہ کریں، یہ انسانی فریضہ ہے، یہ دینی و مذھبی ذمہ داری ہے اور حمیت ایمانی اور غیرت اسلامی کاتقاضہ ہے۔

اس سے پہلے اردو ہائی اسکول کے بچوں نے نہایت شاندار سیرتِ پاک کے عنوانات پر تقاریر کیں ان کا تعلیمی مظاہرہ قابل تعریف رہا۔

مولانا عیسیٰ خان کاشفی صدر جمعیت علماء جالنہ نے اردو ہائی اسکول کے طلباء وطالبات کی بہترین تقاریر اور اچھے تعلیمی مظاہرہ پیش کرنے پر انہیں مبارک باددی ، اور پچھلے ایک ماہ سے زائد عرصے سے جمعیۃعلماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کے زیر اہتمام کامیاب سیرت پاک مہم اور اس کے مفید نتائج کی تفصیل بتائی۔

آپ نے کہا کہ روزانہ مختلف اداروں اور محلہ جات سے ان پروگراموں کے انعقاد کے تقاضے آرہے ہیں۔
پروگرام کی صدارت اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد نبیل سر نے کی انہوں نے بھی بچوں سےکہا کہ وہ حضور اکرم صلعم کی سیرت پاک کو اپناکر اپنی زندگی کو دیگر اقوام کے لیے نمونہ بنائیں، اور عصری علوم میں خوب مہارت حاصل کریں اور اس کے ذریعہ اپنے ملک و قوم کی خدمت کریں ۔

اس جلسہ سے مولانا سیّد احسان ندوی نے بھی خطاب کیا، حافظ محمد معاذ نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت شریف پڑھی،
اخیر میں اس پروگرام میں اچھی تقاریر پیش کرنے والے طلباء وطالبات کو مہمانان ‌خصوصی کے ذریعہ انعامات سے نوازا گیا ، مفتی انیس الرحمٰن ندوی استاذ اردو ہائی اسکول جالنہ نے اپنے منفرد انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیئے ، اسکول کے طلباء وطالبات نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ،سابق فاضل ٹیچر احمد نورسر کے کلمات شکریہ پر یہ جلسہ ختم ہوا۔