اردو خبر قومی

آئیٹا کا ملک گیر تعلیمی مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

Taasir Patna
==============
آئیٹا کا ملک گیر تعلیمی مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
———————————————————————-
پٹنہ (16.10.2023) اساتذہ کی تنظیم آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 24 ستمبر سے 15 اکتوبر 2023 تک ملک گیر سطح پر منعقد تعلیمی مہم “تدریسی آگہی ،طلبائی ارتقاء ،سماجی تغیر: آئیٹا ایک مثالی پلیٹ فارم” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا. اس مہم کے دوران آئیٹا بہار نے ریاست کے مختلف اضلاع میں کئی اہم پروگرام منعقد کئے۔

اساتذہ، محب تعلیم، عوامی نمائندوں، تعلیمی اداروں کے منتظمین اور محکمہ تعلیم کے افسران سے ملاقات کی گئی اور تعلیمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پیرنٹ ٹیچرز میٹنگ، ٹیچرز میٹنگ، طلباء کے مقابلے، مساجد میں خطبہ جمعہ جیسے پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا بہتر استعمال کیا گیا۔فیس بک، واٹس ایپ پر ہر روز ہندی، اردو اور انگریزی زبانوں میں تعلیم کے مقاصد، اساتذہ کے وقار اور ان کے فرائض کی بنیاد پر لوگوں میں فلائیر شئیر کیے گئے، جبکہ ہندی اور اردو میں مین اسٹریم پرنٹ میڈیا کوریج نے مہم کی سرگرمیوں کو لوگوں تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ آئیٹا کے سرگرم کارکنان اپنے اپنے اسکولوں میں مسلسل خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس مہم کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کے لیے بھی انتھک کوششیں کیں۔

مرکز اسلامی، پتھر کی مسجد، پٹنہ میں منعقدہ اختتامی تقریب میں آئیٹا بہار کے ریاستی صدر جناب شاہد جلال نے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی صاحب اور سکریٹری حلقہ جناب نثار احمد صاحب، جماعت اسلامی ہند ،بہار کے اعزاز میں انہیں مہم کا مومینٹو پیش کیا ۔ وہیں محترم امیر حلقہ کے ہاتھوں آئیٹا کے قومی سکریٹری خالد اقبال، ریاستی مشاورتی کمیٹی کے رکن اور ریاستی مہم کنوینر منظر عالم اور شہباز عالم کو بطور تحفہ مومینٹو پیش کیا گیا۔ ریاستی صدر آئیٹا بہار جناب شاہد جلال نے مہم کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہوئے اپنے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔

مذکورہ ملک گیر تعلیمی مہم کی کامیابی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مہم کے ریاستی کنوینر منظر عالم نے کہا کہ مہم کے دوران جہاں آئیٹا کے کیڈرز کا بھرپور تعاون حاصل ہوا وہیں آئیٹا کی مرکزی ٹیم نے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے آئیٹا بہار کے ریاستی صدر شاہد جلال کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ہر وقت رہنمائی فراہم کی بلکہ ہمیشہ حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔ مختلف اساتذہ تنظیموں کے عہدیداروں، محکمہ تعلیم کے افسران اور کئی ماہرین تعلیم نے اس مہم کو اہم اقدام اور آج کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے سراہا۔

تعطیلات اور اسکول کے اوقات کے بعد قیمتی وقت کا خوب استعمال کرتے ہوئے ساتھیوں نے مہم کے پروگراموں کو کامیاب بنایا ، اسکے لئے کیڈر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بہترین میڈیا کوریج پر میڈیا کے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی ہند حلقہ بہار کے ذمہ داران جناب مختار صاحب، جناب شوکت علی صاحب، آئیٹا بہار کے ریاستی سکریٹری انور ساحل، ریاستی ایڈوائزری کونسل کے رکن شہباز عالم، منظر عالم وغیرہ موجود رہے.